اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، شیخ ابراہیم زکزکی نے ہفتہ ۱۲ ستمبر ۲۰۲۶ کو ابوجا میں اپنی رہائش گاہ پر منعقدہ تقریب میں واقعہ اباچا کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور اس واقعے کے منصوبہ سازوں کے مقاصد بیان کیے۔
شیخ زکزکی نے کہا کہ واقعہ اباچا اس وقت اسلامی تحریک کی سرگرمیاں ختم کرنے کے لیے ایک منظم منصوبہ تھا۔ اس منصوبے کا آغاز تحریک کے ارکان کی گرفتاری سے کیا گیا، جس کے بعد احتجاجی مارچوں کے منتظمین کی سرگرمیوں کو کچلنے اور پھر حالات کو خاموش بنا کر تحریک کے مکمل خاتمے کے لیے مزید اقدامات کیے جانے تھے۔
اسلامی تحریک نائجیریا کے رہنما نے کہا کہ تحریک کے ارکان کی مزاحمت، نائجیریا کے اندر اور بیرون ملک عوام کے احتجاج اور مطالبات، ظلم و ستم کے باوجود احتجاجی مارچوں کا سلسلہ جاری رکھنے اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے نے اس منصوبے کو ناکام بنا دیا۔ انہوں نے ان ارکان کی استقامت کا بھی ذکر کیا جو ’یان چاجی چاجی‘ کے نام سے معروف تھے۔
شیخ زکزکی نے واضح طور پر کہا کہ دشمنوں کا یہ تصور کہ وہ اسلامی تحریک کو ختم کر سکتے ہیں،ایک ایسا خواب ہے جو کبھی پورا نہیں ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی تحریک معاشرے کے مسائل کا حل ہے اور ان شاء اللہ دین قائم و برقرار رہے گا۔
شیخ زکزکی نے اپنے خطاب میں واقعہ اباچا کی تاریخ، اس کے آغاز، اس سے متعلق واقعات اور اس کے انجام پر بھی روشنی ڈالی اور اس کے ذمہ دار عناصر کو درپیش نتائج کے بارے میں گفتگو کی۔
انہوں نے دینی اقدار کے حصول کے لیے مزاحمت کا راستہ جاری رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں اور حکام کی دھمکیاں انہیں دین اور اسلامی اہداف کے حصول کی کوششوں سے روک نہیں سکتیں۔
رواں سال واقعہ اباچا کو ۳۰ سال مکمل ہوگئے ہیں۔ یہ واقعہ ۱۲ ستمبر ۱۹۹۶ کو شروع ہوا تھا۔ اس مناسبت سے جمعرات اور جمعہ کو زاریا، کادونا اور سامیناکا شہروں میں یادگاری تقریبات منعقد کی گئیں، جبکہ اختتامی تقریب ہفتہ کے روز ابوجا میں منعقد ہوئی۔
آپ کا تبصرہ